کراچی میں پاکستان ڈپلومیٹک فیسٹول کا انعقاد اور اس میں ایرانی کھانوں پر مشتمل اسٹال
کراچی میں پاکستان ڈپلومیٹک فیسٹول نامی میلے کے دوران ایک فوڈ پویلین بھی قائم کیا گیا جس میں مختلف ممالک منجملہ جمہوری اسلامی ایران کے ثقافتی فن پارے، ہینڈی کرافٹس کے دلنشین نمونے اور خاص ایرانی کھانے بڑی نفاست سے سجائے گئے تھے۔
یہ بین الاقوامی میلہ وزارت خارجہ پاکستان کی کوششوں سے پہلی بار کراچی میں منعقد ہوا جس کا افتتاح گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کیا۔ افتتاح کے دوران وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ۔ متعدد وفاقی اور صوبائی وزرا کے ساتھ ساتھ قونصل جنرل ایران جناب اکبر عیسی زادہ اور دوسرے ممالک کے سفارتکار بھی موجود تھے۔
کراچی میں جمہوری اسلامی ایران کے قونصل خانے اور ایران کے خانہ فرہنگ کے باہمی تعاون سے ایران کی ثقافت و دستکاری کے چند ایک دلچسپ نمونوں کے علاوہ ایرانی کھانے اور مختلف سوغاتیں بھی نمائش کے لیے رکھی گئی جس کا مقصد یہ تھا کہ ایران کی سیاحت، ثقافت اور تمدن کو فروغ دیا جائے۔