کراچی میں تعینات جمہوری اسلامی ایران کے نئے قونصل جنرل کا پیغام
کراچی میں نامزد ہونے والے جمہوری اسلامی ایران کے نئے قونصل جنرل جناب اکبر عیسیٰ زادہ نے اپنی سفارتی سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے کراچی میں مقیم اپنے ہم وطنوں اور پاکستاک کے شہریوں کے نام درج ذیل پیغام جاری کیا۔
بسمہ تعالی
اپنے تمام عزیز ہم وطن اور پاکستان کے قابل احترام شہریوں کی خدمت میں السلام علیکم
میں ذات خداوند تعالی کا انتہائی شکرگزار ہوں کہ اپنے سفارتی کیرئیر کے دوران کراچی میں جمہوری اسلامی ایران کے نئے قونصل جنرل کی حیثیت سے نامزد ہوا اور مجھے صوبہ سندھ کے قابل صد احترام لوگوں کی خدمت کا موقع مل رہا ہے۔ ہم ایران اور پاکستان دو ہمسایہ اور دوست ممالک کے مضبوط تاریخی تعلقات کے ورثہ دار ہیں اور ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ ہم بصیرت و تدبر کے ساتھ اس ورثے کو آئندہ آنے والی نسلوں تک پہنچائیں۔ اس سے ہٹ کر جمہوری اسلامی ایران کی خارجہ پالیسی کا ایک بنیادی نقطہ بھی یہی ہے کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو پہلے سے زیادی فروغ دیا جائے۔ اور یہی نقطہ ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم ہر میدان میں اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں۔
مجھے اس امر کا مکمل ادراک ہے کہ پاکستان اور ایران کی معیشت ایک دوسرے کی پیشرفت میں معاون ہیں اور اسی حقیقت کے پیش نظر میری اولین ترجیح ہوگی کہ میں دونوں ممالک کے بیچ معاشی، تجاری، سیاحتی، تعلیمی اور ثقافتی تعلقات کی بڑھوتری کے لیے کوشاں رہوں۔
میں خود اور میرے تمام رفقا کراچی میں جمہوری اسلامی ایران کے قونصل خانے کے مختلف شعبوں میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قوانین و ضوابط کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے پوری دلجمعی کے ساتھ اپنے عزیز ہم وطنوں اور صوبہ سندھ کے لوگوں کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے میں مشغول رہیں گے۔ اور اس کے ساتھ ساتھ ہم آپ تمام احباب کی مثبت آرا اور تجاویز کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔
میں امید کرتا ہوں کہ آنے والے دنوں میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران میں آپ عزیز ہم وطنوں مکمل امانت داری سے آپ کی خدمت کر سکوں۔
ہمیشہ ایران و پاکستان کی کامیابی اور ترقی کا خواہشمند رہوں گا۔
اکبر عیسیٰ زادہ
قونصل جنرل جمہوری اسلامی ایران
کراچی