کراچی میں ایران و پاکستان میں موجود معاشی مواقع کے حوالے سے ایک ماہرانہ نشست
ایران کے صوبہ خراسان کے گورنر ڈاکٹر غلام حسین مظفری کی سربراہی میں ایران کے معاشیات و سیاحت کے ماہرین کے ایک وفد نے کراچی کا سفر کیا اور وفد کے ارکان نے اسی سفر کے دوران ایران و پاکستان کے مابین اقتصادی و معاشی مواقع کے حوالے سے منعقد ہونے والی ایک ماہرانہ نشست میں بھی شرکت کی۔
اقتصادیات کے متعلق منعقد ہونے والے اس پروگرام کا انعقاد فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کی جانب سے کیا گیا جس میں ایران کے پاکستان کے تجارتی و اقتصادی ماہرین کے ساتھ ساتھ ایران کے صوبہ خراسان رضوی کے گورنر ڈاکٹر غلام حسین مظفری ، کراچی میں ایران کے قونصل جنرل جناب حسن نوریان ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے سربراہ عاطف اکرام شیخ اور مشہد چیمبر آف کامرس کے سربراہ محمد رضا توکلی زادہ نے اپنے خطاب کے دوران ایران و پاکستان کے تجارتی روابط کے میدان میں موجود مواقع ، مشکلات اور چیلنجز کو بیان کیا۔
کراچی میں جمہوری اسلامی ایران کے قونصل جنرل جناب حسن نوریان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایران اپنی سفارتکای میں اپنے ہمسایہ ممالک میں موجود اقتصادی گنجائشوں اور تجارتی مواقع کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ وہ خطے میں تمام ممالک بالخصوص اپنے دوست و ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو مزید پروان چڑھائے ۔ انہوں نے ایسے مختلف مثبت اقدامات کا تذکرہ بھی کیا جو گذشتہ چندسالوں میں ان دونوں ممالک کے بیچ تجارتی روابط کی بڑھوتری کے لیے انجام دئیے گئے ہیں اور کہا:ماضی میں ایران چیمبر آف کامرس اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے مابین ایسی یادداشتوں پہ دستخط کیے جا چکے ہیں جن کا ہدف یہ تھا کہ ایران و پاکستان کا ایک مشترک چیمبر آف کامرس اور اسی طرح تجارتی اختلافات کو حل کرنے کے لیے بھی ایک ثالثی بورڈ تشکیل دیا جائے۔