دلکش ایران کے عنوان سے تیسری سالانہ کانفرنس
کراچی میں ایرانی قونصل خانے کی جانب سے ایک مقامی ہوٹل میںجمہوری اسلامی ایران میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی جس میں شہرِ قائد کی معروف کاروباری، سیاسی، سماجی شخصیات کے علاوہ روس، ملائیشیا، جاپان اور بعض دوسرے ممالک کے قونصل جنرلز، صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ، پاکستان کے صف اول کی ٹریول ایجنسیز کے نمایندوں، میڈیا سے وابستہ افراد اور Parsian The Land of Emperors and Kings کے مولف ڈاکٹر افتخار صلاح الدین نے شرکت کی ۔
کراچی میں ایران کے قونصل جنرل جناب حسن نوریان نے اپنی تقریر میں میزبان کی حیثیت سے تمام حاضرین بالخصوص ایران میں سیاحت کے فروغ کے لیے صوبہ سندھ کی حکومت کی تمام سعی و کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ریمیدان اور پشین میں دو مزید زمینی بارڈر کھلنے اور ایران کے الیکٹرانک ویزے کے اجرا کو سیاحت کے ارتقا میں معاون قرار دیا۔ انہوں نے بطور خاص یہ ذکر کیا کہ یونیسکو نے ایران کے متعدد تاریخی مقامات کو عالمی تاریخی ورثے کی فہرست میں قرار دے دیا ہے۔ حسن نوریان نے صحت و طب کے میدان میں ایران کی پیشرفت کا تذکرہ کرتے ہوئے اس امر کا اعادہ کیا کہ ایران اس حوالے سے خطے کے تمام ممالک بالخصوص ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون کے لیے آمادہ ہے۔