نوروز کی مناسبت سے ایرانی قونصل خانے میں باوقار تقریب
سال ۱۴۰۳ شمسی کے آغاز میں جشن نوروز کی مناسبت سے کراچی میں ایرانی قونصل خانے میں صوبہ سندھ میں رہنے والے ایرانی باشندوں کی موجودگی میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایرانی نژاد زرتشتی، بلوچ، اسٹوڈنٹس، کراچی میں شادی شدہ ایرانی شہری اور جمہوری اسلامی ایران کے سرکاری ملازمین شریک ہوئے۔
کراچی میں جمہوری اسلامی ایران کے قونصل جنرل جناب حسن نوریان نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس قدیمی عید کے حوالے سے مبارک باد دی اور سپریم لیڈر آف ایران کی جانب سے اس سال کو عوام کی مدد سے پیداوار ارتقا کا سال قرار دینے کا بطور خاص تذکرہ کرتے ہوئے اس منشور کو نئے سال کے لیے مشعل راہ قرار دینے پر زور دیا۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ دوسرے ممالک میں ایران کے سیاسی و ڈپلومیٹک اداروں کو اپنی تمام سرگرمیاں اقتصادی موضوعات اور لوگوں کو اس جانب مائل کرنے پر مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔ حسن نوریان نے بیان کیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ایک اجلاس میں نوروز کو ایک عالمی سطح کا دن قرار دیا ہے جو امن و آشتی کی فضا قائم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ بہت سارے ممالک من جملہ پاکستان میں نوروز کا منایا جانا ظاہر کرتا ہے کہ ان ممالک میں بھی ایرانی تہذیب و تمدن کی چھاپ ہے۔